امریکہ کے آئندہ صدارتی انتخابات میں ریپبلکن امیدوار کی نامزدگی کے لیے ہفتے کو کیسپر میں ہوئے جماعتی کنونشن میں سینیٹر ٹیڈ کروز نے وائیومنگ ریاست کے تمام 14 ڈیلیگیٹس کی حمایت حاصل کر لی۔
اس کامیابی سے کروز ریپلکنز صدارتی امیدوار بننے کی دوڑ میں پیش پیش ڈونلڈ ٹرمپ کی برتری کو کم کرتے ہوئےنظر آتے ہیں۔
گزشتہ ماہ وائیومنگ کے ہونے والے کاؤنٹی کنونشنز میں بھی کروز نے 12 میں سے 9 ڈیلیگیٹس کی حمایت حاصل کیت تھی۔
ہفتے کو حاصل ہونی
والی کامیابی کروز کے لیے نسبتاً ایک کم سطح کی کامیابی ہے تاہم اس جیت سے سینیٹر کروز کی طرف سے ٹرمپ کو ریپبلکنز جماعت کے قومی کنونشن سے پہلے جماعت کے صدراتی امیدوار کی نامزدگی حاصل کرنے کو ناکام بنانے کا موقع مل رہا ہے۔
امریکی خبررساں ادارے' ایسوسی ایٹڈ پریس' کی طرف سے کی گئی گنتی کے مطابق کروز کو اب تک559 ڈیلیگیٹس کی حمایت حاصل ہے جبکہ ٹرمپ کو 742 ڈیلیگیٹس کی حمایت مل سکی ہے۔ ریپبلکنز جماعت کا صدارتی امیدوار بننے کے لیے 1,237 کی حمایت حاصل کرنا ضروری ہے۔